حیدرآباد ۔ 11؍ جنوری ( سیاست نیوز) بنگلور کی سنٹرل کرائم برانچ (سی سی بی ) کی جانب سے حال ہی میں گرفتار انڈین مجاہدین کے تین مشتبہ ارکان کی تفتیش میں کئی انکشافات ہوئے ہیں جن میں حیدرآباد میں پیش آئے بم دھماکوں میں دھماکو اشیاء فراہم کرنے کا پتہ لگا ہے ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ سید اسمــعل افاق ‘ عبدالصبور اور صدام حسین جنہیں سی سی بی نے بھٹکل اور دیگر علاقوں سے گرفتار کیا تھا کو پولیس تحویل میں لے کر تفتیش کی جا رہی ہے ۔ پولیس کو دوران تفتیش یہ پتہ لگا ہے کہ سال 2010 سے حیدرآباد ممبئی اور دیگر مقامات میں پیش آئے بم دھماکے جنہیں انڈین مجاہدین کے ارکان انجام دیئے تھے کو دھماکو اشیاء فراہم کیا تھا ۔ کمشنر پولیس بنگلور مسٹر ایم این ریڈی نے بتایا کہ سال 2010 کے جرمن بیکری دھماکہ بنگلور کے چنا سوامی دھماکہ اور سال 2013 میں حیدرآباد کے دلسکھ نگر جڑواں بم دھماکوں کے لئے مذکورہ تین انڈین مجاہدین کے ارکان نے دھماکو اشیاء فراہم کیا تھا۔ بنگلور سنٹرل کرائم بیورو کے علاوہ دیگر سیکوریٹی ایجنسیاں گرفتار انڈین مجاہدین کی مزید تفتیش کر رہا ہے ۔