اعلیٰ ذات کے افراد کرسیوں پر براجمان، آزادی کے 70 سال بعد بھی چھوت چھات کی رسم لمحہ فکر
نارائن پیٹ۔ /6 فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مدور منڈل کے موضع پیدری پہاڑ میں سرپنچ کے ساتھ امتیازی رویہ کے خلاف مختلف تنظیموں نے احتجاج کیا۔ آزادی کے 70 سال بعد بھی دیہی علاقوں میں چھوت چھات کی رسم جاری ہے حتیٰ کہ موضع کا سرپنچ جو کہ دلت طبقہ سے تعلق رکھتا ہے کو گرام سبھا کے موقع پر گاؤں کے اعلیٰ ذات کے افراد کرسیوں پر براجمان تھے مگر دلت سرپنچ کو فرش پر بیٹھنے پر مجبور کیا گیا۔ اس کی تصویر اور اطلاع عام ہوتے ہی کے وی پی ایس، ڈی بی ایس وی، ڈی وائی ایف آئی تنظیموں کے قائدین نے موضع پیدری پہاڑ پہنچ کر احتجاج کیا۔ سرپنچ بالیا جو کہ دلت طبقہ سے تعلق رکھتا ہے کو فرش پر بٹھاکر اعلیٰ ذات کے افراد کا کرسیوں پر براجمان ہونا اونچ نیچ اور ذات پات کے نظام پر ایک سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ڈی او نارائن پیٹ و ڈی ایس پی موضع کا دورہ کرکے خاطیوں کے خلاف مقدمہ درج کریں۔ بعد ازاں ان قائدین نے ڈپٹی کلکٹر کو تحریری یادداشت پیش کرکے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ اس احتجاج میں ڈی وائی ایف آئی کے ضلع سکریٹری محمود علی، آنند، ہنمنتو ، سائی بابا نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ تلنگانہ مالا مہاناڈو یوجنا کے ریاستی صدر سرینواس نے حیدرآباد میں قومی ایس سی کمیشن سے رجوع ہوکر تحریری یادداشت ڈپٹی کلکٹر کو پیش کی۔ اس واقعہ کے متعلق تحقیقات کا مطالبہ کیا۔