کیپ ٹاؤن ۔ 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک طویل عرصہ سے جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت کرنے والے کپتان گرائم اسمتھ نے اچانک اور حیران کرنے والا فیصلہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف رواں تیسرے ٹسٹ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوش ہونے کا اعلان کردیا ہے۔ 33 سالہ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین جن کے طویل عرصہ کے ساتھی جیک کیالس نے ڈسمبر میں ہندوستان کے خلاف سیریز کے بعد ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کیا تھا۔ اب اس کے بعد جنوبی افریقہ کے کپتان نے بھی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کردیا ہے۔ اسمتھ نے پیر کو آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں 5 رنز کی ایک اور ناکام اننگز کے بعد یہ فیصلہ لیا ہیکہ وہ رواں ٹسٹ کے بعد کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔ اسمتھ نے سبکدوشی کا اعلان کرنے کے ساتھ کہا کہ وہ گذشتہ برس اپریل میں اپنی کہنی کی سرجری کے بعد سے سبکدوشی پر غور کررہے ہیں اور یہ فیصلہ ان کی زندگی کا ایک سخت ترین فیصلہ ہے۔
اسمتھ کو سب سے زیادہ مقابلوں میں ٹیم کی قیادت کا اعزاز حاصل ہے جیسا کہ انہوں نے 109 ٹسٹ مقابلوں میں ٹیم کی قیادت کی ہے اور اس طرح انہوں نے آسٹریلیا کے سابق کپتان ایلن بارڈر کی جانب سے کپتانی کئے جانے کے معاملہ میں زائد 16 مرتبہ اپنی ٹیم کی قیادت کی ہے جبکہ ایک مرتبہ انہوں نے 2005ء میں سڈنی میں منعقدہ آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ الیون ٹیم کی قیادت کی ہے۔ بحیثیت ٹسٹ کپتان انہوں نے 53 مقابلوں میں فاتح ٹیم کے کپتان رہے اور اس طرح انہوں نے رکی پانٹنگ کی 48 فتوحات کا ریکارڈ توڑا ہے۔ اسمتھ کی قیادت میں جنوبی افریقہ نے رواں مقابلہ کو چھوڑ کر 27 مقابلوں میں شکست اور 27 مقابلے بغیر نتیجہ کے ختم کئے۔ 2003ء میں جب اسمتھ کو کپتان بنایا گیا تو وہ ٹسٹ ٹیم کی قیادت کرنے والے نوجوان ترین کپتان بنے تھے۔ ٹسٹ کے علاوہ انہو ںنے 149 ونڈے مقابلے میں کپتانی کی ہے جس میں جنوبی افریقہ نے 92 فتوحات حاصل کئے۔