گجویل۔ یکم اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گجویل، پرگنا پور نو تشکیل شدہ بلدیہ میں پہلی مرتبہ ہوئے بلدی انتخابات میں کل ملاکر 20 وارڈس میں رائے دہندوں نے جوش و خروش کے ساتھ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ ضلع میدک میں ہوئے بلدی انتخابات میں سب سے زیادہ 85.39 فیصد ریکارڈ رائے دہی اس نوتشکیل شدہ بلدیہ گجویل، پرگنا پور میں ہوئی ۔اس نوتشکیل شدہ گجویل پرگنا پور بلدیہ میں کل ملاکر 26,482 ووٹرس کے بشمول 22,083 رائے دہندوں نے اپنے ووٹ ڈالے۔ اتوار کے دن صبح 7 بجے سے ہی الیکشن عملے کی جانب سے بنائے گئے 287 پولنگ بوتھس پر ووٹرس کا ہجوم دیکھا گیا اور 10 بجے دن تک کم از کم 40 فیصد رائے دہی ہوچکی تھی جبکہ ایک بجے سے 3 بجے تک عوام دھوپ کی تمازت سے بچنے کیلئے گھروں سے باہر نہیں نکلے جس کی وجہ سے پولنگ سست رفتار رہی۔ بعدازاں 3 بجے کے بعد شام 5 بجے تک رائے دہی ہوئی۔ ووٹرس نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ اس طرح گجویل، پرگنا پور بلدیہ کے کل ملاکر 20 وارڈس میں پرامن رائے دہی ہوئی۔ ڈی ایس پی سدی پیٹ مسٹر سریدھر ریڈی کی نگرانی میں تین سرکل انسپکٹرس اور 5 سب انسپکٹرس کے علاوہ سیول اور نیم فوجی دستوں کی جانب سے گزشتہ چار دن سے جگہ جگہ پٹرولنگ کے علاوہ کافی بندوبست کیا گیا۔