گجرات کی نئی بی جے پی حکومت کی آج حلف برداری

احمدآباد ۔ 25 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نئی بی جے پی حکومت جو گجرات میں قائم ہورہی ہے، جس کی قیادت وجئے روپانی کریں گے اور نتن پٹیل ڈپٹی چیف منسٹر ہوں گے، کل گاندھی نگر میں ایک شاندار تقریب کے دوران حلف اٹھائے گی۔ وزیراعظم نریندر مودی بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ بی جے پی زیراقتدار تمام ریاستوں کے چیف منسٹرس اور این ڈی اے کی حلیف سیاسی جماعتوں کے زیراقتدار ریاستوں کے چیف منسٹرس توقع ہیکہ تقریب میں شریک ہوں گے۔ یہ تقریب ریاستی سکریٹریٹ کے قریب ایک کھلے میدان میں منعقد کی جائے گی۔ صدر بی جے پی گجرات پردیش جیتوواگھانی نے کہا کہ کئی مرکزی وزراء اور دیگر پارٹی کے سینئر قائدین کو بھی حلف برداری تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنتوں اور مختلف مذاہب کے رہنماؤں کو بھی آشیرواد دینے کی دعوت دی گئی ہے۔ 23 ڈسمبر کو ریاستی بی جے پی قائدین نے گورنر او پی کوہلی سے ملاقات کرکے تشکیل حکومت کیلئے اپنا دعویٰ پیش کیا تھا۔ وجئے روپانی اور نتن پٹیل کو علی الترتیب چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر منتخب کیا گیا۔ گورنر نے بی جے پی کا دعویٰ قبول کرلیا اور حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی۔ بی جے پی ارکان مقننہ کا 22 ڈسمبر کی شام اجلاس منعقد ہوا جس میں مرکز کی جانب سے وزیرفینانس ارون جیٹلی اور پارٹی کے جنرل سکریٹری سروج پانڈے نے مبصرین کے فرائض انجام دیئے۔