متھرا 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے سابق وزیر کمار اشوک پانڈے نے آج کہاکہ بی جے پی گجرات انتخابات جیتے گی اور اُس ریاست سے کانگریس کا صفایا ہوجائے گا۔ پانڈے بی جے پی کے اترپردیش انچارج برائے خدمات عامہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ہیں۔ وہ مغربی ریاست میں جہاں 9 اور 14 ڈسمبر کو چناؤ ہوں گے، پارٹی کی انتخابی مہم میں شرکت کریں گے۔ سابق وزیر نے کہاکہ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کا جی ایس ٹی اور نوٹ بندی کے بارے میں پروپگنڈہ اُنھیں کچھ فائدہ نہیں پہنچانے والا کیوں کہ ’’میں سمجھتا ہوں گجرات اسمبلی انتخابات میں کانگریس کا پوری طرح صفایا تو ہونے ہی والا ہے‘‘۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ جی ایس ٹی میں مزید نرمی متوقع ہے اور عام آدمی کو نوٹ بندی سے فائدہ ہوا ہے۔ پانڈے کے مطابق ملک کو جی ایس ٹی کی ضرورت ہے تاکہ بدعنوان لوگوں سے چھٹکارا پایا جاسکے جنھوں نے حکومت کی بہبودی اسکیمات کو لیت و لعل میں ڈال رکھا ہے۔ اُنھوں نے یہ بھی دعویٰ کیاکہ وزیراعظم نے اقتدار کے دلالوں کا گٹھ جوڑ چکنا چور کردیا، اور کہاکہ بی جے پی عوام کی پارٹی ہے۔