گجرات میں پھر ایکبار افواہوں کا بازار گرم

احمد آباد ۔ 3 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : کانگریس نے آج یہ الزام عائد کیا ہے کہ بی جے پی کی زیر قیادت گجرات دیہاتوں کو خوفزدہ کر کے سیاسی دہشت پھیلا رہی ہے جو کہ کانگریس کے روایتی مضبوط گڑھ ہیں ۔ ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شنکر سنہا واگھیلا نے جو کہ ضلع کھیڈا میں کپڈونج حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں بتایا کہ کھیڈا سے متصل اپروجینا مواڈہ گاوں میں چند روز قبل مقامی دیہاتوں اور پولیس میں جھڑپ ہوگئی تھی لیکن پولیس نے برہم ہجوم پر قابو پانے کے لیے 15 راونڈ فائرنگ کردی ۔ مسٹر واگھیلا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ میرے حلقہ میں غریب دیہاتیوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں اور بی جے پی کی زیر قیادت حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے کانگریس کے طاقتور علاقوں میں سیاسی دہشت پھیلا رہی ہے ۔ چونکہ یہ علاقے کانگریس کے مضبوط گڑھ تصور کئے جاتے ہیں۔ دیہاتیوں کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ کھیڈا ، احمد آباد اور گاندھی نگر میں گذشتہ ایک ماہ سے افواہوں کے باعث خوف و دہشت کی لہر دوڑ گئی ہے جب کہ یہ افواہ اڑا گئی ہے کہ رہزنوں اور دہشت گردوں کی ٹولیاں رات کے اوقات میں گھس کر دیہاتیوں پر حملہ کرنے والی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بخوبی واقف ہے کہ دیہاتیوں کے ذہن میں یہ افواہیں سرایت کرگئی ہیں لیکن سرکاری انتظامیہ دیہاتیوں میں اعتماد بحال کرتے ہوئے کوئی اقدام نہیں کررہا ہے اور ایورجینا مواڈہ گاؤں میں پولیس پر حملہ بھی افواہوں کا نتیجہ ہے کیوں کہ دیہاتیوں نے غلطی سے پولیس کو رہزن سمجھ گئے تھے ۔ اس واقعہ کے بعد کانگریس لیڈر نے مذکورہ دیہات کا دورہ کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کا حل تلاش کرنے کی بجائے پولیس نے غریب دیہاتیوں پر فائرنگ کردی اور کل جب وہ اس گاؤں کا دورہ کیا تو ایک مقامی شخص موجود نہیں تھا کیوں کہ پولیس کے مظالم سے خوفزدہ ہو کر وہ فرار ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اگر اس طرح کے افواہیں کی روک تھام نہیں کی گئی تو پورے گجرات میں پھیل جائیں گی اور صورتحال دھماکو ہوجائے گی ۔ ۔
۔