گجرات میں مودی کے خلاف برندا کرت ، نتیش کمار اور جیہ بچن کی مہم

احمد آباد ۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کے کٹر حریف اور چیف منسٹر بہار نتیش کمار، سی پی آئی ایم کی لیڈر برندا کرت ، جنتا دل یونائٹیڈ کے صدر شرد یادو اور سماج وادی پارٹی کی لیڈر جیہ بچن نے گجرات میں تیسرے محاذ کے حق میں مہم چلانے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ نتیش کمار گجرات میں 15 اپریل کے بعد مہم چلائیں گے۔ جنتا دل یونائٹیڈ گجرات کے نائب صدر گوئند جادھو نے بتایا کہ ہم نتیش کمار کے ساتھ انتخابی پروگرام کو قطعیت دے رہے ہیں۔ گجرات میں تیسرے محاذ کے حصہ کے طور پر پانچ پارٹیوں کے ساتھ نشستوں کی تقسیم کیلئے مذاکرات جاری ہیں۔

نتیش کی مہم کے مقامات اور شیڈول کا متعاقب اعلان کیا جائے گا۔ سماج وادی پارٹی نے اطلاع دی ہے کہ اس کی راجیہ سبھا رکن جیہ بچن بھی گجرات میں مہم چلائیں گی ۔ سماج وادی پارٹی کے گجرات یونٹ کے صدر سریندر یادو نے کہا کہ جیہ بچن گجرات آئیں گی اور تیسرے محاذ کے حق میں مہم چلائیں گی۔ دیگر سینئر قائدین جیسے اعظم خاں اور ملائم سنگھ بھی یہاں نریندر مودی کے خلاف مہم میں حصہ لیں گے ۔ سی پی آئی ایم گجرات یونٹ کے جنرل سکریٹری ارون مہتا نے کہا کہ برندا کرت بھی نریندر مودی کے ترقی کے دعوؤں کو چیلنج کرتے ہوئے ریاست گجرات کا دورہ کریں گی۔