گجرات ضمنی انتخابات کیلئے مہم ختم

احمدآباد ۔ 11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) گجرات میں ودودرا لوک سبھا اور 9 اسمبلی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں مہم کا آج اختتام ہوا۔ حکمراں بی جے پی یہاں وزیراعظم نریندر مودی کی کارکردگی کو پیش کرتے ہوئے عوام سے ووٹ مانگ رہی ہے جبکہ کانگریس ان (مودی) کی غیر موجودگی کا فائدہ حاصل کرنے کوشش میں ہے۔ یہ ضمنی انتخابات نئی چیف منسٹر آنندی بین پاٹل کیلئے آزمائش سمجھے جارہے ہیں کیونکہ ریاست میں مودی کے بغیر پہلی مرتبہ بی جے پی کو انتخابات کا سامنا ہے۔ وسطی اور شمالی گجرات میں زبردست بارش کی وجہ سے انتخابی مہم متاثر رہی ہے اور مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی اور چیف منسٹر آنندی بین پاٹل اور ودودرا کا دورہ منسوخ کرنا پڑا۔ کانگریس امیدوار نریندر راوت نے بھی ودودرا میں سیلاب جیسی صورتحال کے باعث انتخابی مہم معطل کردی تھی۔