احمدآباد ۔4 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام) خصوصی زمرے کیلئے کوٹہ ، پسماندہ طبقات کو دیگر پسماندہ طبقات کے مماثل حقوق ، کاشتکاروں کے قرضہ جات کی معافی ، اندرا کینٹنوں کا قیام تاکہ مزدوروں کو 10 روپئے میں تغذیہ بخش غذا فراہم کی جاسکے ، یہ گجرات انتخابات کیلئے کانگریس منشور کے اہم نکات ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کانگریس نے ہاردیک پٹیل زیرقیادت پٹہ دار انامت آندولن سمیتی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے ، جس کے تحت پارٹی نے تیقن دیا ہے کہ پٹیل برادری کو خصوصی زمرہ تشکیل دیتے ہوئے اُنھیں وہی تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی جو دیگر پسماندہ طبقات کے کوٹہ میں درج ہیں۔ کانگریس گجرات میں دوبارہ برسراقتدار آنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہے۔ بی جے پی ریاست گجرات میں 20 سال تک برسراقتدار رہ چکی ہے اور سماج کے ہر طبقہ تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ اُس نے اپنے لائحہ عمل کا ایک خاکہ تیار کیا ہے جسے ایک پریس کانفرنس میں گجرات کے انچارج اشوک گہلوٹ اور صدرپردیش کانگریس بھرت سنہہ سولنکی نے جاری کیا ہے ۔ پارٹی نے سرکاری مخلوعہ جائیدادیں پُر کرنے اور ملازمتوں کو آؤٹ سورس کرنے کنٹراکٹ پر تقرر کرنے اور تنخواہ کا تعین کرنے کے طریقہ کار کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کانگریس نے معاشی اعتبار سے پسماندہ طبقات کمیشن برائے تعلیمی و معاشی ترقی اعلیٰ ذات کے محروم افراد کے لئے قائم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے ۔