بارش تباہ کاریوں اور کسانوں کے نقصانات پر بحث کا مطالبہ مسترد
گاندھی نگر ۔ 16 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) گجرات اسمبلی سے آج کانگریس کے 20 ارکان کو ایک دن یلئے معطل کردیا گیا جب انہوں نے ریاست میں حالیہ غیر موسمی بارش کی تباہ کاریوں پر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے ایوان کے وسط میں پہنچ گئے ۔ قبل ازیں اسی مسئلہ پر ایوان کی کارروائی 40 منٹ کیلئے ملتوی کردی گئی تھی ۔ کانگریس چیف وہپ بلونت سنگھ راجپوت نے ایوان میں یہ مطالبہ کیا کہ ریاست میں گزشتہ چند روز سے جاری غیر موسمی بارش اور ژالہ باری سے کسانوں کو ہوئے نقصانات پر فی الفور بحث کی جائے جس پر اسپے کر گنپت واسوا نے کہا کہ بارش کیت باہ کاریوں اور کسانوں کے نقصانات پر ان کی تحریک توجہ دہانی کی نوٹس قبول کرلی گئی ہے اور آئندہ ایک یا دو یوم میں اس مسئلہ پر بحث کروائی جائے گی ۔ تاہم انہوں نے کانگریس لیڈر سے کہا کہ اس مسئلہ پر فی الفور بحث کا مطالبہ اسمبلی قواعد کے مطابقت نہیں رکھا لیکن کانگریس ارکان نے فی الفور بحث کا مطالبہ کیا جسے اسپیکر نے مسترد کردیا ، جس کے بعد اپوزیشن پارٹی کے تقریباً 20 ارکان اسمبلی ایوان کے وسط میں پہنچ گئے اور ریاستی حکومت کے خلاف بیانرس کے ساتھ نعرے بلند کرنے لگے ۔ جب ایوان میں نظم و ضبط درہم برہم ہو گیا تو اسپیکر نے احتجاجی ارکان اسمبلی کو ایک دن کیلئے معطل کردیا اور ان کا تخلیہ کروانے کیلئے مارشس طلب کرلیا گیا ۔ دریں اثناء اپوزیشن لیڈر شنکر سنگھ واگھلے اور دیگر کانگریس ارکان اسمبلی نے اپنے ساتھیوں کی معطلی کے خلاف ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔