گتہ داروں کی لاپرواہی سے ترقیاتی کام متاثر

نظام آباد میں منعقدہ اجلاس سے پوچارام سرینواس ریڈی کا خطاب
نظام آباد /24 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع ٹی آر ایس کا اجلاس ضلع کے وزیر پوچارام سرینواس ریڈی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں ضلع کلکٹر رونالڈ روسس، رکن پارلیمنٹ ظہیرآباد بی بی پاٹل، ارکان اسمبلی اے رویندر ریڈی، باجی ریڈی گووردھن، ہنمنت شنڈے، ایم ایل سیز راجیشور، وی جی گوڑ، صدر نشین ضلع پریشد دفعدار راجو، میئر نظام آباد آکولہ سجاتا نے شرکت کی۔ اجلاس میں گتہ داروں کے خلاف ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے مسٹر سرینواس ریڈی نے کہا کہ ٹنڈرس حاصل کرتے ہوئے کاموں کی انجام دہی میں لاپرواہی برتنے والے گتہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے اور انھیں بلیک لسٹ میں شامل کرنے کے لئے کئی مرتبہ ہدایت دینے کے باوجود اس پر عمل نہیں کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے ترقیاتی کاموں کی انجام دہی متاثر ہو رہی ہے اور کئی برس گزرنے کے باوجود کاموں کی تکمیل نہیں ہو رہی ہے۔ انھوں نے خاص طورپر مشن کاکتیہ کے کاموں اور شکم کی اراضیات کا جائزہ لیتے ہوئے دوبارہ سروے کرانے، قبضوں سے متعلق ہونے والی شکایات دور کرنے، بنیادی طورپر مشن کاکتیہ کے کاموں کا جائزہ لینے اور صد فیصد کاموں کی انجام دہی پر زور دیا۔ رکن اسمبلی یلاریڈی اے رویندر ریڈی نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے عہدہ داروں کی لاپرواہی پر ناراضگی ظاہر کی اور کہا کہ بنیادی طورپر جائزہ نہ لینے کی وجہ سے کاموں میں تاخیر ہو رہی ہے۔ ایم ایل سی وی جی گوڑ نے کہا کہ فائدہ مند تالابوں کی کشادگی کی بجائے بے فائدہ تالابوں کی کشادگی کی جا رہی ہے۔ جکل کے رکن اسمبلی ہنمنت شنڈے نے کہا کہ لینڈی بین ریاستی پراجکٹ کا کام 40 کروڑ روپئے سے دو سال قبل شروع کیا گیا تھا، تاہم دو سال کے وقفہ میں صرف 50 فیصد کام انجام دیئے گئے۔ انھوں نے ایس سی آبپاشی سے باقی کام کے بارے میں استفسار کیا۔ وزیر زراعت مسٹر پوچارام سرینواس ریڈی نے عہدہ داروں اور سیاسی قائدین سے خواہش کی کہ ریاستی حکومت کی جانب سے شروع کردہ باوقار پروگرام ہرتیا ہارم اسکیم کو کامیابی کے ساتھ وقت پر انجام دینے کی صورت میں بارش کے امکانات پیدا ہوں گے، بارش ہونے کی صورت میں زیر زمین پانی کی سطح میں اضافہ ہوگا اور کسانوں کو آبپاشی کے علاوہ پینے کا پانی حاصل ہوگا، لہذا ماہ جولائی میں شروع کئے جانے والے پروگرام میں ضلعی عہدہ دار اور منتخب عوامی نمائندے شرکت کرتے ہوئے کامیاب بنائیں۔ انھوں نے کہا کہ یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب یکم جون سے شروع کی جا رہی ہیں۔ انھوں نے اس ایک ہفتہ طویل تقاریب میں تمام افراد سے شرکت کرکے کامیاب بنانے کی خواہش کی۔