میدک میں ایک مزدور کے نام پر 11 کاریں ، تحقیقات میں انکشاف
حیدرآباد ۔ /28 جون (سیاست نیوز) ضلع میدک کے ایک چھوٹے سے دیہات میں مزدور کو راتوں رات گیارہ کاروں کا مالک بنادیا گیا ۔ تاہم اس مزدور نے نہ ہی کوئی لاٹری کا ٹکٹ خریدا تھا اور نہ ہی اسے کسی بمپر ڈرا میں یہ انعامات حاصل ہوئے ہیں بلکہ اس کے نام پر گیارہ گاڑیوں کا رجسٹریشن کروایا گیا اور وہ ابھی بھی بے خبر ہے ۔ تحقیقات میں پولیس ذرائع یہ واقعہ منظر عام پر لایا ۔ جہاں ڈیلروں کی ملی بھگت سے گاڑیوں کے رجسٹریشن کے لئے مزدوروں اور انجان افراد کے ناموں کا استعمال کیا جارہا ہے جو بالکل ہی ان واقعات سے بے خبر ہیں ۔ تاہم اب علم ہونے کے بعد وہ فکر مند بھی ہیں کہ کہیں ان کے نام پر حاصل کردہ گاڑیوں کا غلط استعمال تو نہیں ہوگا اور قانون کا انہیں سامنا کرنا پڑے گا ۔ یہ واقعہ ضلع میدک کے ایدومائیلارم دیہات کا ہے اس دیہات میں خود عوام کی صرف تین گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں جبکہ گزشتہ 2 سالوں میں 98 گاڑیوں کا رجسٹریشن ان دیہاتوں کے ناموں کو استعمال کرتے ہوئے کیا گیا ۔ محنت مزدوری پر انحصار کرنے والے ان دیہاتیوں کے استعمال کیلئے ڈیلروں نے ایک بڑی سازش کے تحت کام کیا ۔ چونکہ شہر حیدرآباد کے حدود میں سال 2010 ء سے اٹینج (3) گاڑیوں کے رجسٹریشن پر پابندی لگادی گئی ہے ۔ ماحولیاتی آلودگی کے پیش نظر کئے گئے اس فیصلے سے ڈیلروں نے اپنی چاندی بنانا شروع کردی اور ایدومائیلارم ضلع میدک جو ضلع ہیڈکوارٹر سنگاریڈی کے قریب واقع ہے اس دیہات کو نشانہ بنایا ۔ فرضی ناموں کے ذریعہ رجسٹریشن کروایا گیا ۔ مقامی عوام نے اس واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات اور خاطیوں کو سخت سزاء کا مطالبہ کیا ہے ۔