منچریال۔ 13مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منچریال علاقائی ٹرانسپورٹ عہدیداروں نے آر ٹی او منچریال مسٹر بھدرو نائیک کی نگرانی میں گاڑیوں کی خصوصی تنقیح کا آغاز کیا ہے ۔ آر ٹی او مسٹر بھدرو نائیک نے بتایا کہ ٹرانسپورٹ کمشنر تلنگانہ کے احکامات کے مطابق یہ خصوصی پروگرام 31 مارچ تک جاری رہے گا جس میں خصوصاً ٹیکس بقایا جات کی وصولی کو یقینی بنانے کیلئے مہم چلائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام منچریال کمیٹی پیٹھ ‘ جنارم ‘ بیلم پلی ‘ کاغذنگر اور چنور میں چلایا جارہا ہے اور کہا کہ ٹیکس وصولی میں سارے تلنگانہ ریاست میں منچریال دوسرے نمبر پر ہے ۔ اس طرح بنگارو تلنگانہ ( سنہرا تلنگانہ) کی تعمیر میں بقایا جات کی وصولی سے کافی مدد مل رہی ہے ۔