حیدرآباد۔/26اپریل، ( سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے فرضی آٹو انشورنس ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے 3 دھوکہ بازوں بشمول دو آر ٹی اے ایجنٹس کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ٹولی کا سرغنہ 36 سالہ جی ستیہ نارائنا ساکن بھرت نگر صنعت نگر ہے جو مہیشوری چیمبر ارم منزل میں اسٹیشنری اور زیرکس کی دکان چلاتا ہے، اس نے دو آر ٹی اے ایجنٹس 50 سالہ اے وشویشور راؤ اور 45 سالہ یو پریم کمار کی مدد سے فرضی انشورنس دستاویزات تیار کرنے کا کاروبار شروع کیا اور کئی گاڑیوں کا فرضی انشورنس کرتے ہوئے دھوکہ دہی میں ملوث ہوگیا۔ پولیس نے بتایا کہ جی ستیہ نارائنا جو آئے دن اپنی زیراکس کی دکان میں کئی دستاویزات کے زیراکس کاپیاں تیار کیا کرتا تھا اس نے بعض دستاویزات کو فوٹو شاپ سافٹ ویر کے ذریعہ اس سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے فرضی انشورنس کے دستاویزات تیار کرنے لگا۔ اس سلسلہ میں ماریڈ پلی پولیس نے دھوکہ بازوں کی ٹولی کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا تھا۔ ٹاسک فورس نے دھاوے کے دوران کئی فرضی انشورنس سرٹیفکیٹس، اسکیانر اور کلر پرنٹر، موبائیل فونس اور نقد 9ہزار برآمد کرتے ہوئے اسے ترملگری پولیس کے حوالے کردیا۔