حیدرآباد ۔ /5 اگست (سیاست نیوز) گاندھی ہاسپٹل سے شیر خوار لڑکی کے اغواء میں ملوث 4 اغواء کنندگان بشمول ایک خاتون کو چلکل گوڑہ پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس نارتھ زون مسٹر پرکاش ریڈی نے بتایا کہ /31 جولائی کو بی رینوکا متوطن ضلع میدک سکندرآباد گاندھی ہاسپٹل کو اپنی 9 ماہ کی شیرخوار لڑکی کاویا کے علاج کے سلسلے میں پہونچی تھی اسی رات کو نامعلوم خاتون نے شیرخوار کا اس وقت اغواء کرلیا جب رینوکا دواخانہ میں محو خواب تھی ۔ شکایت موصول ہونے پر چلکل گوڑہ پولیس نے اغواء کا ایک مقدمہ درج کرکے لڑکی کو اغواء کنندوں کے چنگل سے چھڑانے کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی ۔ پولیس نے سی سی ٹی وی اور دیگر شواہد کی بنیاد پر ضلع کرنول سے تعلق رکھنے والی 30 سالہ دیویا جیوتی ، روی ، کلیان اور سنجیویا کو گرفتار کرلیا ۔ واضح رہے کہ شیرخوار کے اغواء کے بعد دیویا جیوتی نے اسے کرنول منتقل کیا تھا لیکن میڈیا میں اس معاملے کا مسلسل ٹیلی کاسٹ ہونے اور پولیس کی کارروائی کے خوف سے شیرخوار کو کرنول میں چھوڑ کر فرار ہوگئی ۔ پولیس نے چار اغواء کنندگان کو گرفتار کرتے ہوئے آج عدالت میں پیش کردیا ۔