بنگلور ۔ 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے 2 اکٹوبر سے کلین انڈیا مہم شروع کرنے سے قبل آج کہا کہ گاندھی جینتی کے موقع پر وہ ازخود جھاڑو دیں گے۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ صاف ستھرا ہندوستان بنانے ان کی مہم میں حصہ لیں اور ہر ہفتہ دو گھنٹے وقف کردیں۔ انہوں نے کہا کہ میں خود بھی جھاڑو کا استعمال کرتے ہوئے صاف صفائی مہم میں حصہ لوں گا۔ عوام میری ان باتوں پر حیرت کا اظہار کررہے ہیں کہ آخر میں ان چھوٹی چھوٹی باتوں پر زور کیوں دے رہا ہوں کیونکہ میں خود ایک چھوٹا آدمی ہوں۔
چھوٹے چھوٹے لوگ اپنے چھوٹے چھوٹے کاموں سے ہی ملک کو اونچائی تک لے جاسکتے ہیں۔ میں اپنے ملک کے بھائیوں سے خواہش کرتا ہوں کہ ہر سال وہ اپنے 100 گھنٹے دیں اور ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہوئے صفائی مہم چلائیں۔ ایک ہفتہ میں دو گھنٹے صفائی کیلئے صرف کرتے ہیں تو صاف ستھرا ماحول پیدا ہوگا۔ ہم اگر تمام زندگی کو ہٹائیں گے تو ہی ہمارے ملک میں خوشحالی آئے گی۔ وزیراعظم بننے کے بعد پہلی مرتبہ کرناٹک کا دورہ کرتے ہوئے بی جے پی ورکرس سے خطاب کے دوران نریندر مودی نے اعلان کیا کہ جن دھن یوجنا مالیاتی اسکیم کامیاب ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بینکوں میں اپنے صفر بیالنس کی سہولت کی پیشکش کے بعد اکاونٹس کھولنے کے باوجود غریب عوام نے 4 کروڑ نئے اکاونٹس میں 15 کروڑ روپئے جمع کرائے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ان بینکوں کو آنجہانی وزیراعظم اندرا گاندھی نے غریبوں کیلئے قومیانہ تھا۔ مودی نے سوال کیا کہ کیا ان مقاصد کو حاصل کیا گیا۔ غریب عوام ہنوز سود خوروں کے جعل میں پھنسے ہوئے ہیں۔ اگر ملک کو بہتر کام انجام دینے ہیں تو حکومت کو طویل مسافت طئے کرنی ہوگی۔ اس کے بعد ہی ہم قوانین کے جنگل کو صاف کرسکتے ہیں۔ ہمارے پاس معمولی ایک مسئلہ پر 5 تا 10 قوانین موجود ہیں اور یہ قوانین برسوں سے چلے آرہے ہیں۔ انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ ان کی حکومت بہت ہی مختصر مدت میں کئی کام انجام دیئے ہیں۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ جب کبھی ہم نئے گھر میں جاتے ہیں تو ہمارا پہلا کام صاف صفائی ہوتا ہے۔ لہٰذا میری حکومت نئی ہے عوام کو پہلا کام صفائی انجام دینا ہے۔