گانجہ، موٹر سائیکل ضبط، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ یکم / جولائی (سیاست نیوز) شہر میں گانجے کا کاروبار کرنے والے دو افراد کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے گانجہ اور اس کی اسمگلنگ میں استعمال کئے جانے والی موٹر سیکل برآمد کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 25 سالہ ساگر نریش جس کا تعلق وشاکھاپٹنم سے ہے وہ گزشتہ چند عرصہ سے بی بی نگر ضلع یادادری اپنے بھائی ساگر کارتک کے ساتھ مقیم ہے ۔ ساگر کارتک نے حالیہ دنوں بی ٹیک کی تعلیم حاصل کی لیکن وہ خانگی کمپنی میں لیبر کی حیثیت سے ملازمت کررہا تھا ۔ اس نے آبائی مقام وشاکھاپٹنم جاکر بیننا سوامی نامی شخص سے رابطہ قائم کیا جس نے گانجہ کے کاروبار کیلئے ترغیب دیتے ہوئے آسانی سے روپئے کمانے کا لالچ دیا ۔ اس ضمن میں ساگر نریش نے وشاکھاپٹنم ایجنسی علاقے سے گزشتہ ماہ گانجہ حاصل کرکے شہر منتقل کیا اور 2000 روپئے فی کیلو فروخت کرنے کا منصوبہ تیار کیا ۔ ساگر نریش اور اس کا بھائی ساگر کارتک دونوں نے شہر کو گانجہ منتقل کرتے ہوئے علاقے منگل ہاٹ میں فروخت کرنے کی کوشش کررہے تھے کہ ٹاسک فورس نے انہیں گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے 21 کیلو گانجہ اور اسمگلنگ میں استعمال کئے جانے والی موٹر سائیکل برآمد کی ہے ۔