حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون (سیاست نیوز) شہر میں گانجہ کی اسمگلنگ میں ملوث دو افراد بشمول ایک خانگی ٹیچر کو کمشنر ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 40 کیلو گانجہ برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے بموجب وشاکھاپٹنم سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ کے مہیش اور اس کے ساتھی 30 سالہ جی کلیان بابو متوطن وجئے واڑہ جو پیشہ سے خانگی ٹیچر ہے اور دیگر تین دیگر ساتھیوں ساگر ، وجئے سنگھ اور کامراجو کی مدد سے وشاکھاپٹنم سے شہر میں گانجہ منتقل کرتے ہوئے خواہشمند گاہکوں کو فروخت کرنے کی کوشش کر رہے تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مہیش کا تعلق وشاکھاپٹنم سے ہے اور وہ سابق میں گانجہ کے کاروبار میں ملوث پائے جانے پر وشاکھاپٹنم کی مدوگلا پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ جیل سے رہائی کے بعد وہ کلیان بابو اور دیگر ساتھیوں کی مدد سے وشاکھاپٹنم کے جنگلات سے کم دام میں گانجہ حاصل کر کے شہر میں فروخت کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ ٹاسک فورس نے اسے گرفتار کرلیا اور ضبط شدہ اشیاء کے ساتھ سنٹرل کرائم اسٹیشن کی اینٹی نارکوٹک ٹیم کے حوالے کردیا ۔