3 افراد گرفتار ، 77 کیلو گانجہ ضبط ، رچہ کنڈہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /26 فروری ( سیاست نیوز ) رچہ کنڈہ پولیس نے گانجہ منتقلی کے ایک بڑے ریاکٹ کو بے نقاب کردیا جو پڑوسی ریاستوں کو گانجہ فروخت کر رہا تھا ۔ یہ ٹولی باضابطہ گانجہ کا آڈر حاصل کرنے کے بعد خریداروں کو گانجہ فراہم کرتی تھی ۔ خفیہ اطلاع پر اسپیشل آپریشن ٹیم رچہ کنڈہ نے ایڈیشنل ڈی سی پی مسٹر سید رفیق کی قیادت میں دھاوا کیا اور چوٹ اپل علاقہ میں اس ریاکٹ کو بے نقاب کرلیا ۔ ایس او ٹی نے اس سلسلہ میں 3 افراد کو گرفتار کرلیا اور 77 کیلو گانجہ ایک آٹو کار اور تین سیل فون ضبط کرلئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے 35 سالہ تجارت ساکن محبوب آباد 39 سالہ دنیش ساکن ناگپور مہاراشٹرا اور 45 سالہ کشن ساکن کھمم کو گرفتار کرلیا ۔ تجارت گذشتہ 6 سالوں سے گانجہ کی غیر قانونی منتقلی کا کاروبار کر رہا تھا اور بیرونی ریاستوں مہاراشٹرا اور مدھیہ پردیش میں گانجہ خریداروں سے اس کے بہترین تعلقات پائے جاتے ہیں ۔ یہ شخص کھمم کے ایجنسی علاقہ سے گانجہ سستے داموں میں خرید کر اسے زائد قیمت پر فروخت کرتا تھا ۔ گذشتہ چند روز قبل اس ٹولی کو 100 کیلو گانجہ کا آرڈر حاصل ہوا تھا ۔ اس ٹولی نے 2 ہزار روپئے فی کیلو گانجہ پر رضامندی حاصل کرتے ہوئے گانجہ فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا اور 2 کیلو گرام فی پیاکٹ اور گیارہ کیلو کے پیاکٹس تیار کرلئے تھے اور اس گانجہ کی ڈیلیوری کیلئے ایک آٹو اور کار کے ذریعہ گانجہ منتقل کیا جارہا تھا کہ چوٹ اپل کے علاقہ میں ایس او ٹی پولیس نے انہیں رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا اور مزید تحقیقات جاری ہیں ۔