گانجہ منتقلی ریاکٹ بے نقاب

حیدرآباد ۔ 3نومبر ۔ ( سیاست نیوز ) میرپیٹ اور ایس او ٹی پولیس کی مشترکہ کارروائی میں گانجہ منتقلی کے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کیا گیا ۔ اور 5 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے مطابق بڑنگ پیٹ کے علاقہ میں تلاشی مہم کے دوران پولیس نے گانجہ منتقلی کے ایک ریاکٹ کا پتہ چلایا اور تعاقب کرتے ہوئے دو کاروں کو روک لیا ۔ جس کے سبب ایک بڑے ریاکٹ کا انکشاف ہوا ۔پولیس کے مطابق 36 سالہ نرنجن ساکن ہستناپورم ، 35 سالہ جئے پال ریڈی ناگر کرنول ، 29 سالہ کے کنڈل ساکن ناگرکرنول ، 26 سالہ گھڈی کوٹہ کمار ساکن ناگرکرنول اور 23 سالہ رتلاوت ونود کمار ساکن ناگرکرنول کو گرفتار کرلیا جبکہ بھدراچلم علاقہ کا ساکن شخص کارتک مفرور بتایا گیا ہے ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 124 کیلو گانجہ کو ضبط کرلیا ۔ جو بھدراچلم سے الماس گوڑہ علاقہ منتقل کررہے تھے ۔ ایس او ٹی پولیس اس ریاکٹ کے متعلق مزید تحقیقات میں جٹ گئی ہے ۔