کے کے آر کی ڈاکیومنٹری فلم، شاہ رُخ خان روپڑے

کولکتہ 22 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ بادشاہ شاہ رُخ خان کی ریڈ چیلیس انٹرٹینمنٹ نے ساتھی اداکارہ جوہی چاؤلہ اور ان کے تاجر شوہر جئے مہتا کے تعاون سے 2008 ء میں انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم کولکتہ نائیٹ رائڈرس (کے کے آر) خریدا ہے۔ اب ڈسکوری چیانل پر 24 تا 27 فروری ایک ڈاکومنٹری ’’لیونگ وتھ کے کے آر‘‘ نشر کیا جارہا ہے جس میں یہ بتایا گیا کہ شاہ رُخ خان کی ٹیم ابتدائی 4 برسوں میں بہتر مظاہرے نہیں کرپائی لیکن 2012 ء میں اس نے خطاب کی دعویدار ٹیم دھونی کی چینائی سوپر کنگس کو شکست دیتے ہوئے خطاب حاصل کیا۔ اِن تمام واقعات کو اس ڈاکومنٹری میں دکھایا جارہا ہے۔ اس ضمن میں یہ خبر منظر عام پر آئی ہے کہ شاہ رُخ خان اپنی ٹیم کے ایک طویل سفر اور اس سفر کے نشیب و فراز کو دیکھ کر جذبات سے مغلوب ہوگئے اور ان کی آنکھیں نم ہوگئیں۔

شاہ رُخ خان کا کہنا ہے کہ کامیابی اہمیت کی حامل ہوتی ہے اور اس سے بڑا فرق پڑتا ہے۔ شاہ رُخ خان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ٹیم کو کافی مضبوط اور کھیل کے لئے مر مٹنے والی ٹیم بنانا چاہتے ہیں لیکن یہ ایک فلم بنانے سے زیادہ سخت کام ہے۔ دریں اثناء شاہ رُخ خان نے انکشاف کیاکہ ان کی ساتھی مالکہ جوہی چاؤلہ توہم پرست ہیں جیسا کہ وہ اکثر سیاہ ٹی شرٹ پہنتی تھیں لیکن جب ٹیم ناکام ہونے لگی تو اپنی ٹی شرٹ کا رنگ تبدیل کرلیا۔ شاہ رُخ خان نے مزید کہاکہ جب کبھی ٹیم پہلے بیاٹنگ کرتی تو وہ ہوٹل سے دیر سے نکلتے کیونکہ اگر ابتداء میں وکٹوں کا زوال ہوجائے تو پھر چہرے پر مسکراہٹ رکھنا مشکل ہوجاتا ہے۔ آئی پی ایل 7 کے لئے موجودہ ٹیم پر شاہ رُخ خان نے اطمینان کا اظہار کیا ہے اور وہ پُرعزم ہیں کہ رواں سیزن بھی کے کے آر بہتر مظاہرے کرے گی۔ واضح رہے کہ کے کے آر آئی پی ایل کی ایسی پہلی ٹیم ہے جس پر ڈاکومنٹری فلم بنائی گئی ہے۔