کے کویتا کو اپنے بیان سے دستبرداری کا مطالبہ

بانسواڑہ میں رؤف اعظمی کی پریس کانفرنس
بانسواڑہ۔/28فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بانسواڑہ آر اینڈ بی گیسٹ ہاوز میں پریس کانفرنس کے دوران تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹ نائب صدر صوفی رؤف اعظمی نے نظام آباد ایم پی کویتا کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کے سی آر خاندان چیف منسٹر چندرا شیکھرراؤ، ان کی دختر ایم پی نظام آباد کویتا بھول گئے کہ انتخابی جلسوں میں جو مسلمانوں سے وعدے کئے گئے تھے 12فیصد تحفظات، اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ، اسمبلی میں دو مسلمان وزیر سب بھول گئے۔ واضح رہے کہ ایک خانی پروگرام میں ایم پی کویتا نے خطاب کرتے ہوئے اردو اخبارات کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ رؤف اعظمی نے صحافت کا مذاق اڑانے پر رکن پارلیمان کویتا کے اس بیان کی سختی کے ساتھ مذمت کرتے ہوئے فوری طور پر رکن پارلیمان کویتا کو اپنا بیان واپس لیتے ہوئے اردو اخبارات کے مدیران اور صحافیوں سے معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ کیا۔اردو صحافیوں نے اخبارات میں اپنے قلم کی آواز کو بلند کیا اس طرح سے مسلمان اردو داں طبقہ نے صرف ٹی آر ایس پارٹی کا ساتھ دیا تھا جس کے بعد ٹی آر ایس پارٹی اقتدار میں آئی لیکن اب کے سی آر خاندان مسلمانوں کی تمام قربانیوں کو بھول گیا۔ اس موقع پر گیسٹ ہاوز میں محمد شفیق احمد صدر اردو فرنٹ آندھرا پردیش محمد تجمل حسین، شیخ عظیم الدین، محمد رزاق اور دوسرے موجود تھے۔