حیدرآباد 23 ؍ ڈسمبر ۔ ( این ایس ایس ) کانگریس کے نو منتخب رکن اسمبلی کامٹ ریڈی ‘راج گوپال ریڈی نے حکمراں ٹی آر ایس میں شمولیت کے منصوبہ بنانے کی اطلاعات کی آج تردید کی اور برجستہ کہاکہ وہ خود چیف منسٹر کے چندرشیکھر راو کی کانگریس میں شمولیت دیکھنا چاہتے ہیں ۔ راج گوپال ریڈی منونو گوڑو میں اپنی پارٹی کے کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوںنے اپنی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے ان کی کوششوں پر اظہار تشکر کیا اور بھرپور اعتماد کے ساتھ گرج دار آواز میں دعوی کیا کہ وہ کبھی بھی ٹی آر ایس میں شامل نہیں ہوں گے ۔ انہوںنے حالیہ انتخابات کے دوران الکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں الٹ پھیر اور دھاندلیوں کی شبہات ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ان کے بھائی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اسی وجہ سے شکست سے دوچار ہوئے ہیں ۔