کے سی آر کو چیف منسٹر بنانے کی متفقہ قرارداد

سنگاریڈی میں ٹی آر ایس کارکنوں کا اجلاس، اسمبلی امیدوار چنتا پربھاکر کا خطاب
سنگاریڈی /11 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت کی تشکیل کو یقینی بناتے ہوئے سنگاریڈی میں منعقدہ ٹی آر ایس انتخابی امیدواروں کے ایک اجلاس میں چنتا پربھاکر انچارج ٹی آر ایس و امیدوار حلقہ اسمبلی سنگاریڈی نے کے سی آر کو متفقہ طورپر چیف منسٹر بنانے قرارداد منظور کی اور تمام ٹی آر ایس کے زیڈ پی ٹی سی، ایم پی ٹی سی اور بلدیات کے امیدواروں نے بھی کے سی آر کو ہی چیف منسٹر بنانے کی تائید کی۔ چنتا پربھاکر نے کہا کہ سربراہ ٹی آر ایس کے سی آر کی انتھک جدوجہد کی وجہ سے ہی ریاست تلنگانہ کا قیام عمل میں آیا ہے اور کے سی آر ہی تلنگانہ ریاست کی تعمیر نو و ترقی میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ 12 مئی کو بلدیات کے انتخابی نتائج کے لئے رائے شماری ہوگی، جس کے لئے الیکشن کاؤنٹنگ ایجنٹس مقرر کرنے کے لئے سعی کی جا رہی ہے اور کسی بھی قسم کے مسائل ہوں تو فوری اطلاع دی جائے۔ انھوں نے کاؤنٹنگ ایجنٹس کے فرائض انجام دینے والوں سے کہا کہ کہیں بھی شک و شبہ ہو تو فوری الیکشن آفیسر کو اطلاع دیں، تاکہ بہتر طورپر رائے شماری ہوسکے۔ رائے شماری کے بعد منتخب ہونے والے ٹی آر ایس امیدوار فوراً مجھ سے رابطہ کریں۔ چنتا پربھاکر نے کہا کہ 13 مئی کو زیڈ پی ٹی سی اور ایم پی ٹی سی امیدواروں کے نتائج کے لئے رائے شماری ہوگی، اس خصوص میں بھی کاؤنٹنگ ایجنٹس نامزد کئے جا رہے ہیں۔ ٹی آر ایس کے امیدواروں نے کہا کہ ضلع میدک میں ٹی آر ایس تمام بلدیات، زیڈ پی ٹی سیز، ایم پی ٹی سیز، ایم ایل ایز اور ایم پیز نشستوں پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔

ٹی آر ایس قائدین نے کہا کہ چنتا پربھاکر کی حلقہ اسمبلی سنگاریڈی سے کامیابی یقینی ہے اور انھیں کابینہ میں وزارتی عہدہ دینے کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ چنتا پربھاکر کی قیادت میں سنگاریڈی اور سدا سیو پیٹ بلدیات کی تمام نشستوں پر ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی ہے۔ چنتا پربھاکر نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس تلنگانہ میں حکومت سازی کے لئے درکار جادوئی عدد حاصل کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ کی پہلی حکومت تشکیل دے گی، جس کے چیف منسٹر کے سی آر ہوں گے، کیونکہ کے سی آر کے چیف منسٹر بننے سے ہی سنہرا تلنگانہ کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ تلنگانہ کی ترقی کے لئے ٹی آر ایس ہمیشہ سے ہی کوشاں ہے اور پارٹی برسر اقتدار آنے کے بعد اپنے انتخابی مینی فیسٹو میں کئے گئے تمام وعدوں کو صد فیصد پورا کرے گی۔ اس موقع پر وجیندر ریڈی، محمد جلیل الدین بابا، وینکٹیشورلو، سرینواس چاری، محمد لیاقت علی، مسعود بن عبد اللہ، وجے کمار، شیخ رشید، ایم اے باسط، ہری کشن، سائی کمار، راجندر نائک، رام ریڈی، محمد باسط، لکشمی کے علاوہ دیگر قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔