سدی پیٹ۔ 10 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جمعیتہ الحفاظ سدی پیٹ نے نئی ریاست تلنگانہ کے استحکام کیلئے دعائیہ اجتماع منظم کیا۔ تفصیلات کے بموجب جمعیتہ الحفاظ نے جامع مسجد سدی پیٹ میں نئی ریاست تلنگانہ کے استحکام کیلئے امام مسجد و صدر جمعیتہ الحفاظ عبدالسمیع نے دُعا کی۔ اس موقع پر صدر نے ریاست تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمود علی اور کابینی وزیر مسٹر ٹی ہریش راؤ کو جمیع مسلمانان سدی پیٹ اور جمعیتہ الحفاظ کی جانب سے مبارکباد دی۔ حافظ عبدالسمیع نے کہا کہ تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر مسٹر کے سی آر کا وطن عزیز سدی پیٹ ہے۔ انہوں نے علیحدہ ریاست کیلئے انتھک کوشش کی حتی کہ اپنی جان کی بھی بازی لگانے میں قدم پیچھے نہیں ہٹائے۔ آخر کار تلنگانہ حاصل کرکے تلنگانہ کے ساڑھے چار کروڑ عوام کی دعاؤں اور شہیدان تلنگانہ کی قربانیاں کا نتیجہ ہے۔ سدی پیٹ کے عوام مسٹر چندر شیکھر راؤ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے حلقہ اسمبلی گجویل کی ترقی کے ساتھ اپنے وطن کی ترقی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے خطابت جاری رکھتے ہوئے کہا کہ وزیر اُمور مقننہ مسٹر ٹی ہریش راؤ شہر سدی پیٹ کی ہمہ گیر ترقی کیلئے ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود، تعلیم اور معیشت کیلئے کھلا ذہن رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سدی پیٹ کے مسلمان ان سے توقع رکھتے ہیں کہ دوران انتخابات اقلیتوں کے مسائل کو منشور میں پیش کیا گیا۔ اس کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اپنے قدم پیچھے نہیں ہٹائیں گے۔