محبوب نگر ۔7نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) انڈین آرتھوکاسٹک اسوسی ایشن کے قومی صدر کی حیثیت سے ایس وی ایس ہاسپٹل محبوب نگر کے ڈائرکٹر جے ریڈی کا انتخاب عمل میں آیا ۔ اپنے انتخاب کے بعد ایس وی ایس ہاسپٹل میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ملک کے طبی شعبہ خصوصاً سرجری کے شعبہ میں بین الاقوامی عصری ٹکنالوجی کے استعمال کی کوششیں شروع کی جارہی ہے ۔ طبی شعبہ کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے 2011ء میں اس اسوسی ایشن کا قیام عمل میں لایا گیا تھا ۔ تاحال اسوسی ایشن کے صدور نشین کا تعلق ممبئی اور دلی سے تھا ۔ حال ہی میں چینائی میں منعقدہ پروگرام میں تلنگانہ کے پسماندہ ضلع محبوب نگر سے تعلق کھنے والے ڈاکٹر کے جے ریڈی کو قومی سطح پر صدر منتخب کئے جانے سے ضلع کے ڈاکٹرس نے بے انتہا خوشی و مسرت کا اظہار کیا ۔ کے جے ریڈی نے مزید بتایا کہ سرجری کی عصری معلومات سے واقف کرانے کیلئے خصوصی تربیتی کیمپس اور معلوماتی سمینار ملک بھر میں منعقد کروائے جائیں گے ۔ بین الاقوامی جدید ٹکنالوجی حاصل کرتے ہوئے سرجری کے شعبہ کو اس سے آراستہ کیا جائے گا اور عوام کی بہترین طبی خدمت ہمارے پیش نظر ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی میعاد صدارت پانچ برس ہے ۔ اس دوران ضلع میں زیادہ سے زیادہ طبی سہولتوں کی فراہمی اور معیاری عوامی خدمت ان کا مقصد ہے ۔ پریس کانفرنس میں پروفیسر انجنیلو ‘ پروفیسر جگدیشور و دیگر ڈاکٹرس موجود تھے ۔