نیروبی ۔27 اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) کینیا کی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ایملی روتو کینسر کے باعث انتقال کر گئیں، ان کی عمر 25 سال تھی۔ کرکٹ کینیا نے نوجوان کھلاڑی کی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کیلئے یہ غمگین لمحات ہیں۔ ان کی کرکٹ کیلئے خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ایملی روتو خون کے کینسر میں مبتلا تھیں اور وہ گزشتہ روز نیروبی کے ہاسپٹل میں انتقال کر گئیں۔دریں اثناء زمبابوے کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ تعزیتی بیان میں کہا گیا کہ ایملی ایک ایسی کپتان تھیں جوکہ کھلاڑیوں میں یہ جذبہ پیدا کرنے میں کامیاب ہوئی تھیں کہ وہ صد فیصد مظاہروں کے ذریعہ ٹیم کی کامیابی میں اپنا رول ادا کریں اور اس طرح کی کپتان کا چلے جانا ٹیم کیلئے بڑا نقصان ہے۔