کینیا میں افریقی فٹبال ٹورنمنٹ کی تیاریاں

نیروبی 27 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) کنفیڈریشن آف افریقہ فٹبال کے صدر عیسی حیاتو نے آج کہا کہ انہیں یقین ہے کہ کینیا 2018 میں افریقی ممالک کی فٹبال چمپئن شپ منعقد کرنے کی اہلیت رکھتا ہے ۔ حیاتو نے کل نیروبی میں کینیا کے نائب صدر ولیم روٹو سے اس ٹورنمنٹ کے نیروبی میں انعقاد کے تعلق سے بات چیت کی اور واضح کیا کہ اس سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا ۔ روٹو کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں حیاتو کا یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا گیا کہ اس ٹورنمنٹ کے نتیجہ میں مقامی افراد کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور ان سے استفادہ کا موقع ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس ٹورنمنٹ کا 2009 میں آغاز کیا تھا تاکہ افریقہ میں فٹبال کی ترقی کیلئے مستحکم بنیاد رکھی جاسکے ۔ روتو نے اس ملاقات کے موقع پر کہا کہ اس ٹورنمنٹ کی میزبانی کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور ان کا ملک دو سال میں ایک مرتبہ ہونے والے اس ٹورنمنٹ کیلئے بروقت انفرا اسٹرکچر فراہم کرنے کیلئے مسلسل جدوجہد کر رہا ہے ۔ روٹو نے کہا کہ حکومت ملک کی ترقی میں اسپورٹس کی سرگرمیوں کے رول کی اہمیت کو بھی سمجھتی ہے ۔ کینیا اس بات سے خوش ہے کہ اسے 2018 میں افریقی ممالک کی چمپئن شپ کے انعقاد کا موقع دیا جا رہا ہے ۔