چھتیس گڑھ کے علاقہ مہاسمند میں مودی کی تقریر ، چھندواڑہ اور اندور مجوزہ انتخابی جلسے
مہاسمند( چھتیس گڑھ) ۔18 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام )کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے اسے ایک خاندان کی پارٹی قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ سیتارام کیسری کو صدر کانگریس کی حیثیت سے میعاد پوری کرنے کی اجازت نہیں دی گئی بلکہ انہیں عہدہ سے برطرف کردیا گیا ۔ صرف اس لئے کہ وہ دلت تھے ، وہ انتخابی مہم کے آخری دن چھتیس گڑھ اسمبلی انتخابات کے ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک اچھی طرح جانتا ہے کہ سیتا رام کیسری کو صرف اس لئے صدر کانگریس کی حیثیت سے پانچ سال کی میعاد مکمل کرنے کی اجازت اس لئے نہیں دی گئی کہ وہ ایک دلت تھے ۔ انہوں نے کہا کہ نکسلائٹس پورے ملک کو بندوقوں اور بموں کے ذریعہ دھمکیاں دے رہے ہیں لیکن بستر میں جو ایک قبائلی علاقہ ہے عوام کو جمہوریت پر اتنا زیادہ بھروسہ تھا کہ انہوں نے بندوقوں اور بموں کا جواب اپنے حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے دیا ۔ اسی طرح کشمیر میں پنچایت انتخابات پُرامن طور پر منعقد کئے گئے حالانکہ عسکریت پسندوں نے رائے دہی کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی تھی ۔
انہوں نے کہاکہ 47بلاکس میں پہلے مرحلہ کی رائے دہی میں 74.1 فیصد رائے دہی ہوئی ۔ انہوں نے صدر کانگریس راہول گاندھی کو بھی کاشتکاروں کے قرض معاف کرنے کے سلسلہ میں تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ چھتیس گڑھ انتخابات میں یہ مسئلہ ان کی تقریروں کا مرکزی موضوع رہا ہے ۔ بی جے پی کی ریاستی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالانکہ رمن سنگھ حکومت ریاست میں گذشتہ 15سال سے برسراقتدار ہے لیکن اس کو ریاست میں حقیقی فلاحی خدمات کا موقع این ڈی اے کے مرکز میں دور اقتدار سے یعنی 2014سے حاصل ہوا ۔وزیر اعظم نریندر مودی آج مدھیہ پردیش کے چھندواڑہ اور ندور میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے ۔ ان ریلیوں کے ذریعے بھارتیہ جنتا پارٹی ریاستی کانگریس صدر کمل ناتھ کے گڑ ھ چھندواڑہ میں نقب لگانے کی کوشش کرے گی۔ وہیں اندور میں ریلی کے ذریعہ پارٹی اندور سمیت ارد گرد کی سیٹوں تک پہنچنے کی کوشش کرے گی۔پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق مسٹر مودی دوپہر سوا تین بجے چھندواڑہ میں اور سوا چھ بجے اندور میں ریلی سے خطاب کریں گے ۔ مسٹر مودی اس کے بعد 20 نومبر کو جھابوا اور ریوا میں، 24 نومبر کو مندسور اور چھتر پور میں اور 25 نومبر کو ودیشا اور جبل پور اضلاع میں منعقد انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے ۔وہیں بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ بھی آج مدھیہ پردیش کے دورے پر رہیں گے۔وہ صبح گیارہ بجے رائے پور سے ستنا پہنچیں گے ۔ وہاں سے ہیلی کاپٹر سے 12.05 بجے رام لیلا میدان سنگرولی میں جلسے سے خطاب کرنے کے بعد دوپہر 1.50 بجے اسٹیڈیم گراؤنڈ امریا پہنچ کر ریلی سے خطاب کریں گے ۔ وہ امریا سے 3.35 بجے موہنی دیوی اسٹیڈیم چرھٹ میں جلسے سے خطاب کرنے کے بعد 4.30 بجے ریوا ضلع کے دیوتالاب پہنچ کر عوامی ریلی سے خطاب کریں گے