عمان ۔ 13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے آج اردن میں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی تاکہ اسرائیل اور مقبوضہ علاقوں میں بڑھتی تشدد کی لہر پر قابو پانے کیلئے بات چیت کی جاسکے۔ عمان میں یہ ملاقات مشرقی یروشلم میں تازہ جھڑپوں کے چند گھنٹوں بعد ہوئی، جہاں اسرائیلی پولیس نے آنسو گیس کے شیل برسائے اور ربڑ کی گولیاں فائر کئے تاکہ فلسطینی مظاہرین کو منتشر کیا جاسکے۔ عباس اور کیری کی ملاقات ایسے دن ہوئی جبکہ اسرائیل نے ملحقہ مشرقی یروشلم میں مزید 200 گھروں کی تعمیر کے منصوبہ کو منظوری دے دی، جس پر واشنگٹن کی جانب سے شدید تنقید کی گئی ہے۔ کیری اور متفکر نظرآنے والے عباس بغلگیر ہوئے اور دونوں نے سرگوشی کے انداز میں کچھ دیر بات کی اور پھر وہ عمان میں فلسطینی لیڈر کے پہاڑی مقام پر واقع قیامگاہ میں ملے جہاں امریکی اور فلسطینی پرچم یروشلم کے حساس مقام مسجد اقصیٰ کی بڑی تصویر کے روبرو لہرائے گئے۔