کیروسین کا غیر قانونی ذخیرہ بے نقاب

چار ہزار لیٹر کیروسین ضبط ، ایک شخص گرفتار ، میڑپلی پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /9 فروری ( سیاست نیوز ) میڑپلی پولیس نے کیروسین تیل کے بڑے ذخیرہ کے اڈہ پر دھاوا کرتے ہوئے ٹینکر بشمول تقریباً 4 ہزار لیٹر کیروسین ( مٹی کا تیل ) ضبط کرلیا ۔ میڑپلی پولیس نے اس خصوص میں کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص 22 سالہ راجو کو بھی گرفتار کرلیا جس کے یہاں سے یہ غیر مجاز ذخیرہ برآمد ہوا ۔ راجو باضابطہ انداز میں ٹینکر کے ذریعہ اس تیل کو منتقل کر رہاتھا ۔ سب انسپکٹر پریم ساگر نے بتایا کہ چیرلہ پلی کے علاقہ سے اس تیل کو منتقل کیا جارہا تھا جو نیلے رنگ کے گیس کے تیل کے نام سے مشہور ہے ۔ اس تیل کو کہاں سے حاصل کیا گیا اور راجو نے کس طرح تیل کو حاصل کیا اس بات کا پتہ چلانے میں پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ میڑپلی صنعتی علاقہ میں گیس اور تیل ( پٹرول ، ڈیزل اور کیروسین ) آئیل کے ٹینکرس آتے رہتے ہیں اور اس علاقہ سے ریاست بھر میں سپلائی جاری ہے ۔ پولیس سمجھتی ہے کہ یہ راجو ان ڈرائیورس کے ذریعہ تیل حاصل کرتا ہوگا جو ٹینکروں سے چرا کر چلر قیمتوں میں راجو کو فروخت کرتے ہیں ۔