کیرالا سیلاب متاثرین کی امداد میں مرکزی حکومت کا تعصب

مرکز کا قومی آفات سماوی قرار دینے سے گریز پر سی پی آئی قومی سکریٹری اتل کمار انجان کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔23 اگست (سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی کی زیرقیادت مرکزی حکومت پر سیلا ب زدہ کیرالا کے تئیں سیاسی تعصب برتنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے قومی سکریٹری اتل کمار انجان نے کہاکہ بیرونی ممالک میں متحدہ عرب امارات 700کروڑ کی امداد کا اعلان کرتا ہے اور ہمارے وزیراعظم کیرالا کی بازآبادکاری کے لئے چھ سو کروڑ کا اعلان کررہے ہیںجبکہ کیرالا کو فوری طور پر 2300کروڑ کی مدد درکار ہے۔ آج یہاں سی پی آئی ہیڈکوارٹر مخدوم بھون میں مسٹر انجان نے کہاکہ کیرالا میں فصلیں پوری طرح تباہ ہوگئی ہیںاور وہاں پر آنے والے تین سالوں تک زراعت بھی نہیں کی جاسکے گی۔ انہو ںنے مزید کہاکہ پچا س فیصد سے زائد ناریل کے درخت سیلاب کی وجہہ سے اکھڑ گئے ہیں‘ کثیرتعداد میںلوگ راحت کیمپوں میںزندگی گذار نے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہاکہ اتنے بڑے پیمانے پر تباہی کے باوجود مرکزی حکومت کیرالا سانحہ کو قومی آفات قراردینے اور امدادی رقم میںاضافہ سے گریز کررہی ہے۔ انہوں نے مبینہ طور پر کہاکہ کیرالا میںبائیںبازو جماعت کی حکومت ہے اس لئے وزیراعظم نریندر مودی کیرالا کے ساتھ سیاسی تعصب برت رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیاحکومت ہند سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ کیرالا کے ان مشکل حالات میںسیاسی تعصب کو بالائے طاق رکھ کر مدد کے لئے ہاتھ بڑھائے۔ انہوں نے ملک کے موجودہ سیاسی حالات اور گرتی معیشت کے متعلق کہاکہ آئے دن ڈالر کے مقابلے روپئے کی قدر میں کمی آرہی ہے ‘ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی جیسے عوام دشمن پالیسیوں نے جہاں پر چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کو تباہ کردیا ہے وہیں عام آدمی کی زندگی پر بھی اس کا گہرا اثر پڑرہا ہے۔واحد مہاراشٹر ا ریاست میں پچھلے ایک سال میںچار سوسے زائد کسانوں نے خودکشی کرلی ‘ ملک کا زرعی شعبہ پوری طرح تباہ کردیاگیا ہے‘ ان حالات سے ملک کو نکالنے کی ترکیب کے بجائے یوم آزادی کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی لال قلعہ کی فصیل پر بے تکی باتیں کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم مودی کا یوم آزادی کے موقع پر خطاب ایسالگ رہا تھا جیسی کسی سیاسی پارٹی کی کارنر میٹنگ چل رہی ہو۔ انہو ںنے کہاکہ 27اگست کو الیکشن کمیشن آف انڈیاکے کل جماعتی اجلاس میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا دوٹوک انداز میں ایک ملک ایک الیکشن جیسی سونچ کی مخالفت کرتے ہوئے اس قسم کے عمل کو علاقائی مسائل سے روگردانی کی کوشش قراردے گی۔سی پی آئی قومی عاملہ کے رکن وسابق رکن پارلیمنٹ سید عزیز پاشاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔