حیدرآباد ۔ 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سینئر کھلاڑی جیک کیالس نے پھر ایک مرتبہ اہم مقابلہ میں اپنے تجربات کو بروئے کار لاتے ہوئے ناقابل تسخیر نصف سنچری اسکور کی جس کی بدولت کولکتہ نائیٹ رائیڈرس نے چمپیئنس لیگ میں اپنے ناقابل تسخیر موقف کو برقرار رکھتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل میدان میں آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی ٹیم ہوبارٹ ہوریکینس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی آل راونڈر شعیب ملک کی ناقابل تسخیر نصف سنچری کی بدولت 140/6 رنز اسکور کئے۔ شعیب ملک نے ٹیم کو ابتدائی نقصانات سے باہر نکالنے کی بہترین کوشش کرتے ہوئے 46 گیندوں میں 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے غیرمفتوح 66 رنز اسکور کئے۔ ملک کی نصف سنچری کو جیاک کیالس کی غیرمفتوح نصف سنچری نے بے رنگ کردیا جیسا کہ کیالس نے 40 گیندوں میں 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 54 رنز اسکور کئے۔ کے کے آر نے 19.1 اوورس میں 141/3 کے ذریعہ 7 وکٹوں کی کامیابی حاصل کرلی۔ پہلے سیمی فائنل مقابلہ میں کے کے آر کے مقبول ترین آل راونڈر یوسف پٹھان کا مظاہرہ بھی توجہ کا مرکز رہا جیسا کہ گمبھیر نے ان سے بولنگ کا آغاز کروایا جنہوں نے 4 اوورس میں 24 رنز اور سنیل نارائن کے ہمراہ اینڈریو رسل نے بھی 4 اوورس میں 24 رنز کے عوض فی کس ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا جبکہ بیٹنگ میں 13 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے پٹھان نے 14 رنز اسکور کئے۔