حیدرآباد 21 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) حیدرآباد سٹی پولیس نے ایک کیاب ڈرائیور کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے ہیروں کا ایک نیکلس، سیامسنگ سیل فون اور 10 ہزار روپئے نقد مجموعی مالیت 20.20 لاکھ روپئے ضبط کرلیا۔ پولیس نے کہا کہ باوثوق ذرائع سے اطلاع ملنے پر ایس آر نگر کرائم پولیس نے ای سرینواسلو 31 سالہ ، ساکن محبوب نگر کو یوسف گوڑہ چوراہا پر گرفتار کرلیا ۔ وہ کچھ عرصہ سے ملا پور میں مقیم تھا۔ ملزم کیاب ڈرائیور اسکائی کیاب میں ملازم تھا۔ وہ شمس آباد میںواقع راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایر پورٹ سے دونوں شہروں کے مختلف مقامات کیلئے گاڑی چلایا کرتا تھا۔ تاہم ایک مسافر کی جانب سے اس کی گاڑی میں 20 لاکھ روپئے مالیتی قیمتی اشیاء چھوڑ دیئے جانے کے بعد وہ ان اشیاء کو لیکر فرار ہوگیا تھا۔