لاہور ، 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے عظیم کرکٹر عمران خان نے ایشیا کپ میں پاکستان کی شکستوں کے بعد پاکستان کرکٹ میں میرٹ کی بنیاد پر تعیناتیوں اور صحیح ’ترکیب‘ کی حامل نیشنل ٹیم کھلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ 1992ء کا ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان نے ٹوئٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی سے پاکستان کے نامناسب انداز میں باہر ہونے پر شائقین کا غصہ جائز ہے کیونکہ ہماری ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں سے بھری ہوئی ہے۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) میں اہلیت کی بنیاد پر تقررات کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ عمران خان نے کہا کہ اس ٹیلنٹ کو اسی وقت کام میں لایا جا سکتا ہے جب پی سی بی میرٹ کی بنیاد پر قائم ایک انسٹی ٹیوشن بن جائے جس میں اس کے سربراہ کا بھی اہلیت کی بنیاد پر انتخاب شامل ہے۔ لیکن ہم وزیر اعظم نواز شریف سے کس طرح میرٹ کی بنیاد پر پی سی بی سربراہ کے انتخاب کی امید رکھ سکتے ہیں جب تمام ہی اداروں کے سربراہ ایسے لوگ ہیں جنہیں شریف برادران کیلئے خدمات انجام دینے پر نوازا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی کمی نہیں اور صرف صحیح ترکیب کے مطابق ٹیم منتخب کی جائے تو فتح حاصل کی جا سکتی ہے۔ ٹورنمنٹ میں اپنے ابتدائی میچ میں ہندوستان کے خلاف 83 رنز پر ڈھیر ہو کر شکست سے دوچار ہونے والی پاکستانی ٹیم گزشتہ روز بنگلہ دیش کے ہاتھوں بھی پانچ وکٹ کی شکست سے دوچار ہو کر ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔ اس دوران ٹیم کے ابتدائی بلے بازوں کی کارکردگی لمحہ فکریہ بنی رہی جو ہندوستان کے خلاف بدترین کارکردگی کے بعد بنگلہ دیش کے خلاف بھی جدوجہد کرتی نظر آئی۔ پاکستان کی ٹیم 28 رنز پر چار وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار تھی لیکن سرفراز احمد اور شعیب ملک نے جرات مندانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 129 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ لیکن یہ اسکور بھی بنگلہ دیش کو فتح سے روکنے کیلئے ناکافی ثابت ہوا جس نے آخری اوور میں پانچ وکٹ سے فتح حاصل کر کے فائنل میں جگہ بنا لی جہاں اس کا مقابلہ ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہندوستان سے ہو گا۔ پاکستان نے ایونٹ میں اب تک واحد کامیابی متحدہ عرب امارات کے خلاف حاصل کی تھی لیکن اس میچ میں بھی ابتدائی بلے باز جدوجہد کرتے نظر آئے۔