کھلاڑیوں کا اُلجھاؤ: چیلسی اور ویسٹ بروم پر جرمانہ

لندن ، 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کی فٹبال اسوسی ایشن (ایف اے) نے مشہور کلب چیلسی اور ویسٹ بروم کے درمیان میچ میں کھلاڑیوں کے درمیان جھگڑے پر جرمانہ عائد کردیا۔ برطانوی نشریاتی ادارہ کے مطابق چیلسی اور ویسٹ بروم کے کھلاڑی رواں ماہ کے پہلے عشرے میں منعقدہ پریمیئر لیگ کے ایک میچ کے دوران اُلجھ پڑے تھے جس کے مرکزی کردار چیسلی کے اسپینی کھلاڑی ڈیاگو کوسٹا اور ویسٹ بروم کے کلاؤڈو یاکوب تھے۔ ایف اے نے چیلسی پر 65 ہزار پاؤنڈ اور ویسٹ بروم پر 35 ہزار پاؤنڈ کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ ایف اے نے بتایا کہ جرمانہ اس لئے عائد کیا گیا کیونکہ دونوں کلب اپنے کھلاڑیوں کو قواعد پر عمل کرانے میں ناکام رہے تھے۔ ویسٹ بروم کے ارجنٹائنی کھلاڑی یاکوب کو حریف کھلاڑی کوسٹا سے الجھنے پر اُن کے منیجر نے اسی وقت خاموشی سے میدان سے باہر بلا لیا تھا۔ دوسری جانب چیلسی کے منیجر گس ہیڈنگ نے اپنے ایک بیان میں ریفری کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ یاکوب کو میچ سے برخاست کر دینا چاہئے تھا۔ چیلسی انگلیش پریمیئر لیگ کے رواں سیزن میں 28 پوائنٹس کے ساتھ 13 ویں نمبر پر ہے جبکہ ویسٹ بروم ایک نمبر کے فرق سے 14 ویں نمبر پر موجود ہے۔