لاہور۔یکم فبروری (سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفرازا حمد نے کہا ہے کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر من مانی نہیں کر رہے اور ٹیم میں اختلافات اور جھگڑوں کی خبریں بے بنیاد ہیں،دنیا میں کہیں بھی کوئی ٹیم ہار جاتی ہے تو اس ناکامی میں سازشی مفروضے تلاش نہیں کئے جاتے لیکن پاکستانی ٹیم کے ساتھ یہ ہوتا ہے ۔مکی آرتھر غیر ضروری اختیارات استعمال نہیں کرتے ،کپتان کی رائے کو اہمیت نہ دینے کا الزام بھی درست نہیں۔ علاوہ ازیں حسن علی کا واقعہ بڑھا چڑھا کر پیش کیاگیا،ٹیم میں خاندان جیسا ماحول ہے لیکن ناکامی کا ہرگز دفاع نہیں کروں گا ،غلطیاں ہوئیں اور ناقص کھیل شکست کی وجہ ہے۔آئندہ سیریز میں بہتر کھیل پیش کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز ہارنے کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز میں واپسی کرنے والے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ دنیا میں کوئی بھی ٹیم سیریز ہارجاتی ہے تو وہاں ناکامی کی وجوہات کو سازشوں سے نہیں جوڑا جاتا،ابھی آسٹریلیا نے ایشز سیریز جیتی لیکن اسے انگلینڈ کیخلاف ونڈے سیریز میں 4-1 سے شکست ہو گئی لیکن وہاں کسی نے شکست میں سازشی مفروضوں کو تلاش کرنے کی کوشش نہیں کی۔ ضرورت پڑنے پر چیف سلیکٹر انضمام الحق سے بھی مشورہ کیا جاتا ہے۔سرفراز کے بموجب آسٹریلیا نے بھی حالیہ ون ڈے سیریز کے دوران ٹیم میں تبدیلیاں کیں، اوپنرز تبدیل کئے اور کیمرون وائٹ کو ہٹا دیا لیکن اسے سازش نہیں سمجھا گیا، بعض تبدیلیاں مثبت ہوتی ہیں جبکہ بعض فیصلے نقصان دہ ہوتے ہیں۔ لیکن ہر ناکامی کے بعد اسے اختلافات کا باعث قرار دینا بھی درست نہیں ہے۔ سرفراز احمد نے کہا کہ ان سے غلطیاں سرزد ہوئیں اور کیویز کیخلاف ناقص کھیل کر ہارے لیکن اسی دوران حسن علی کا واقعہ بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا حالانکہ حقیقت یہی ہے کہ ٹیم میں ایک فیملی جیسا ماحول ہے کیونکہ دورے پر پانچ ہفتوں میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور لڑائی جھگڑوں یا اختلافات کی خبریں سراسر غلط اور بے بنیاد ہیں۔