کھلاڑیوں میںدباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت : دھونی

اڈیلیڈ۔14فبروری( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف کل کھیلے جانے والے مقابلے کے ذریعہ ورلڈ کپ میں اپنے خطاب کے دفاع کی مہم کا آغاز کررہی ہے اور جیسا کہ اس مقابلہ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں پر شدید دباؤ ہوگا لیکن قومی ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی کھلاڑیوں میں دباو برداشت کرنے کی صلاحیت موجود ہے اور وہ آئی پی ایل میں بھی شرکت کرچکے ہیں جہاں 40تا 50ہزار شائقین کے روبرو وہ کوارٹرفائنلس ‘ سیمی فائنلس اور فائنلس جیسے دباؤ کے مقابلے کھیل چکے ہیں ۔ علاوہ ازیں وہ ملک سے باہر ایشیاء کپ اور دیگر مقابلوں میں بھی شرکت کرچکے ہیں لہذا ان میں دباؤ کے لمحات میں بھی بہتر مظاہرہ کی صلاحیت موجود ہے ۔ دھونی کے بموجب پاکستان کے خلاف کھلاڑیوں کے مظاہروں کا معیار خودبخود اونچا ہوجاتا ہے۔