منچریال۔30 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست تلنگانہ کے کسانوں کو درمیانی منافع خوروں کے جال میں پھنسنے سے روکنے کیلئے حکومت تلنگاہ نے ٹھوس اقدامات کئے ہیں ۔ یہ بات رکن لوک سبھا پداپلی مسٹر بالکاسومن نے منچریال مارکٹ یارڈ میں کپاس کی خریدی کے مرکز کا منچریال رکن اسمبلی مسٹر این دیواکر راؤ کے ہمراہ افتتاح کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ تلنگاہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کسان خاندان میں پیدا ہوئے اور وہ کسانوں کے مسائل و پریشانیوں سے اچھی طرح واقف ہیں ۔ کسانوں کو کسی قسم کے نقصان سے روکنے کیلئے متعدد فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا ہے ۔ اس خصوص میں انہیں کاشت کاری میں نقصان پر قرض معاف کئے جارہے ہیں ۔ مسٹر این دیواکر راؤ رکن اسمبلی منچریال نے کہا کہ حکومت تلنگانہ ضلع بھر میں 24کپاس خریدی مراکز کا آغاز کیا ہے جہاں ضلع کے کسان آسانی سے اپنی زرعی پیداوار کو معیاری قیمت پر فروخت کرسکتے ہیں ۔ سرکاری خریدی مراکز کا مقصد کسانوں کو کسی قسم کے نقصان سے روکنا ہے ۔ اس پروگرام میں میونسپل چیرمین مسرز وسندھرا ‘ ایم پی پی مسٹر بی ستیہ نارائنا ‘ مارکیٹنگ اے ڈی مسٹر سرینواس اور ٹی آر ایس قائدین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔