لندن ۔ 7 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) سابق انگلش کپتان السٹر کُک نے بالآخر سیریز میں اب تک کی بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے کیرئیر کے آخری ٹسٹ کو یادگار بنانے کی شروعات کرلی ہے ۔ تادم تحریر 48 اوور کے کھیل کے بعد انگلینڈ نے جہاں ایک وکٹ کے نقصان پر 107 رنز اسکور کرلئے ہیں ، وہیں کُک نے نصف سنچری اسکور کرلی ہے۔ انگلینڈ نے سیریز میں متواتر پانچویں مرتبہ ٹاس جیت کر بیٹنگ کیلئے سازگار نظر آنے والی وکٹ پر ہندوستان کو بولنگ کیلئے مدعو کیا ۔ کُک اور جے نینگس نے پہلی وکٹ کیلئے 60 رنز کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کی ، تاہم نوجوان اوپنر 23 رنز بناکر رویندر جڈیجہ کے شکار بنے ۔ کُک نے دوسری جانب سے رنز بنانے کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے 6 چوکوں کی مدد سے 51 رنز جبکہ معین علی نمبر 3 پر بیٹنگ کرتے ہوئے دو چوکوں کی مدد سے 22 رنز اسکور کرلئے ہیں ۔ ہندوستان نے پھر ایک مرتبہ آخری ٹسٹ میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے آل راونڈر ہاردیک پانڈیا کے مقام پر رویندر جڈیجہ اور اشوین کے مقام پر ہنوما وہاری کو موقع دیا ۔