کوہیڈا منڈل آفیسر معطل

حسن آباد /22 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حسن آباد ریونیو ڈیویژن کے منڈل کوہیڈا کے انچارج منڈل آفیسر سرینواس کو آج ضلع پریشد کریم نگر کے چیف ایگزیکیٹیو پدماجا رانی نے فوری اثر کے ساتھ معطل کردئے جانے کے احکامات جاری کردئے ۔ تفصیلات کے بموجب ضلع کریم نگر کے رامڑگ منڈل کے ایم پی ڈی او مسز ہری پریہ اپنے عمومی تبادلے کے بعد 20 جون کو اپنے نئے عہدے کا جائزہ لینے کی غرض سے کوہیڈا منڈل پہونچکر برسر خدمت انچارج منڈل آفیسر سرینواس سے جائزہ طلب کیا ۔ تاہم انہوں نے ہٹ دھرمی کا رویہ اختیار کرتے ہوئے خاتون منڈل آفیسر کا جائزہ دینے سے صاف انکار کرتے ہوئے گالی گلوج کی جس کو متبدلہ منڈل آفیسر ہری پریہ نے اپنے موبائل فون میں ریکارڈ کرتے ہوئے ضلع کریم نگر کے اعلی حکام کو پیش کردیا ۔ کل 21 جون کو اعلی حکام کی ہدایت پر مسز ہری پریہ دوبارہ اپنے عہدے کا جائزہ حاصل کرنے کیلئے منڈل دفتر کوہیڈا پہونچی جس کے تناظر میں برسر خدمت انچارج ایم پی ڈی او کوہیڈا سرینواس نے شدید برہمی میں خاتون آفیسر کو دوبارہ گالی گلوج کرتے ہوئے دفتر سے لاپتہ ہوگئے ۔ دریں اثناء آج ضلع پریشد سی ای او پدماجا رانی نے پولیس کے تعاون سے اپنے عہدے کا جائزہ حاصل کرلینے کا متبدلہ منڈل آفیسر ہری پریہ کو تحریری حکم دیکر انچارج ایم پی ڈی او سرینواس کو معطل کردینے کا اعلان کیا ۔