کوہیر۔/14مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کوہیر منڈل ضلع پریشد رکن کی حیثیت سے شرونتی اروند ریڈی کانگریس پارٹی امیدوار نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے 1067 ووٹ حاصل کرتے ہوئے 3413 ووٹوں کی اکثریت سے ٹی آر ایس امیدوارہ محترمہ فرزانہ بیگم کو شکست دی۔ فرزانہ بیگم نے 7258 ووٹ حاصل کرتے ہوئے دوسرا مقام حاصل کیا۔ اس کے علاوہ تلگودیشم امیدوارہ لکشمی نے 5735ووٹ حاصل کرتے ہوئے تیسرا مقام حاصل کیا۔ آزاد امیدوارہ اہلیہ رام کرشنا ریڈی جے اماں نے 4230 ووٹ حاصل کرتے ہوئے چوتھا مقام حاصل کیا۔ واضح رہے کہ اہلیہ رام کرشنا ریڈی نے اپنی جیت کا دعویٰ پیش کیا تھا، عوام نے ان کو مسترد کردیا اور وہ اپنی جیت سے کافی دور رہیں۔
سدرشن ریڈی کی تیسری مرتبہ
کامیابی کا امکان
بودھن۔/14مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی بودھن میں شامل چار منڈلوں میں سے تین میں اور شہری علاقے میں واقع مجالس مقامی کے ادارہ میں کانگریس پارٹی کے ارکان کے اکثریت کے انتخاب پر پارٹی قائدین و سرگرم کارکنوں میں جوش و خروش پیدا ہوگیا۔ کل 16مئی کو حلقہ اسمبلی بودھن کے ووٹوں کی گنتی کے تعلق سے کانگریس پارٹی کے کارکنوں اور رائے دہندوں کے تجسس میں اضافہ ہوگیا۔ جناب شیخ فصیح الدین پروپرائٹر دادا بھائی انڈسٹریز بودھن نے مجالس مقامی کے نتائج کانگریس پارٹی کے حق میں آنے پر ادعاء کیا کہ حلقہ اسمبلی بودھن کی نشست پر کانگریس پارٹی کے امیدوار مسٹر سدرشن ریڈی چوتھی مرتبہ بھاری اکثریت سے منتخب ہوکر نیا ریکارڈ قائم کریںگے۔