کوہلی کی 25 ویں ٹسٹ سنچری نے کئی ریکارڈز توڑدیئے

پرتھ ۔16 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستان اورآسٹریلیا کے درمیان کھیلے جا رہے پرتھ ٹسٹ کے تیسرے دن ہندوستانی ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے 25 ویں سنچری بنالی ہے اور اس سنچری میں انہوں نے کئی ریکارڈ اپنے نام کرلئے ہیں ۔کوہلی اس سیریز کے پہلے میچ میں کامیاب نہیں ہوئے تھے اورجلد آوٹ ہوگئے تھے لیکن پرتھ آتے ہی انہوں نے بہترین مظاہرہ کیا۔ یہ سنچری اسلئے بھی خاص ہے کیوں کہ کوہلی نے اپنا اصل کھیل دکھاتے ہوئے اس سنچری کے ساتھ کئی ریکارڈ بنا ڈالے۔کوہلی کی یہ 25 ویں سنچری ہے وہ سب سے تیزترین 25 ویں ٹسٹ بنانے کی دوڑ میں ہندوستان میں پہلے درجہ پر تو پوری دنیا میں دوسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔کوہلی نے 127 اننگز میں 25 ویں ٹسٹ سنچری بنائی ہے۔ وہیں ڈان بریڈ مین نے 68 اننگز ، سچن تنڈولکر نے 130 اننگز اور میتھیو ہیڈن نے 139 اننگز میں اس مقام کو چھوا ہے۔کوہلی کا آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ میں یہ ساتویں سنچری ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف ہندوستان کی جانب سے سچن نے سب سے زیادہ 11، سنیل گواسکر نے 8 اور اب کوہلی نے 7 سنچریاں بنالی ہیں ۔ گزشتہ 70 برسوں میں صرف دو مہمان ٹیموں کے بیٹسمینوں نے سرزمین آسٹریلیا میں 6 سنچری بنائی ہیں۔ کوہلی نے 2018 میں 5 ٹسٹ سنچری بنائی ہیں جن میں سے چار سنچریاں، ایزبسٹن، ٹرینٹ بریج اور پرتھ میں ہیں۔ کوہلی ایک کیلنڈر ایئر میں جنوبی افریقہ، انگلینڈ اور آسٹریلیا میں سنچری بنانے والے پہلے ایشیائی بیٹسمین بن گئے ہیں۔ پرتھ میں سنچری بنانے والے آخری دو ہندوستانی بیٹسمینوں میں سچن 1992 اور کوہلی 2018 ہیں۔کوہلی کے نام سال 2018 میں 11 بین الاقوامی سنچریاں ہو گئی ہیں۔ ایک سال میں سب سے زیادہ 12 سنچری لگانے کا ریکارڈ سچن کے نام ہے جو انہوں نے 1998 میں بنایا تھا۔کوہلی نے 2018 میں بھی 11 سنچریاں بنالیں ہیں اس طرح انہوں نے 2 سال میں 22 سنچری بنائی ہیں۔