کوہلی کی اب ٹاپ پوزیشن ، انڈیا بھی نمبر 1

نیوزی لینڈ کا دوسرا رینک ۔ آئی سی سی کی تازہ T20 درجہ بندی جاری

نئی دہلی ، 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جاریہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں شاندار مظاہروں نے ہندوستانی بیٹسمین ویراٹ کوہلی کو آج آئی سی سی درجہ بندی میں ٹاپ رینک کا حامل بلے باز بنادیا جبکہ ہندوستان تازہ ٹیم فہرست میں بدستور نمبر ایک پوزیشن پر قائم ہے۔ آئی سی سی کے بیان میں بتایا گیا کہ کوہلی جنھوں نے چار میچس میں زائد از 132 کے اسٹرائیک ریٹ پر 184 رنز بہ اوسط 92 اسکور کئے ، اس ٹورنمنٹ میں آرن فنچ سے 24پوائنٹس پیچھے رہتے ہوئے شروعات کئے تھے لیکن اب آسٹریلیائی بیٹسمین کے مقابل انھیں 68 پوائنٹس کی برتری مل گئی ہے ۔ بولروں کی درجہ بندی میں ویسٹ انڈیز کے سامیل بدری نے ہندوستانی آف اسپنر روی چندرن اشوین کی جگہ نمبر ایک مقام حاصل کرلیا ہے ۔ بدری نے ابھی تک چار مقابلوں میں چھ وکٹیں لئے جبکہ اشوین اتنے ہی میچوں میں محض چار وکٹوں کے بعد تیسری پوزیشن پر آگئے ہیں۔ ٹاپ پانچ ٹیموں میں سے چار آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنلس میں نظر آئیں گی ، جو ترتیب وار چہارشنبہ اور جمعرات کو دہلی اور ممبئی میں کھیلے جائیں گے ۔ نمبر ایک رینک والی ٹیم انڈیا کا مقابلہ تیسرے رینک کے ویسٹ انڈیز سے ممبئی میں جمعرات کو اور کل دہلی میں پہلا سیمی فائنل دوسرے درجہ پر موجود نیوزی لینڈ اور پانچویں رینک والے انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا ۔ ہندوستان نے اس ٹورنمنٹ سے قبل کی اپنی رینکنگ کے ساتھ ساتھ پوائنٹس بھی برقرار رکھے ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز دو پوائنٹس کے فائدے کے بعد 120 تک پہونچ گئے ہیں۔