نئی دہلی ۔ 17 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی اور ویٹ لفٹر میرابائی چھانو کو ہندوستان کے سب سے بڑے اسپورٹس اعزاز راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔ کوہلی کو اگر اس ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے تو پھر وہ تیسرے ہندوستانی کھلاڑی ہوں گے کیونکہ ان سے قبل 1997ء میں سچن تنڈولکر اور 2007ء میں سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کو اس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ وزارت اسپورٹس اگر کوہلی کے نام کی سفارش کو قبول کرتی ہے تو وہ 2016ء کے بعد خوش قسمت ثابت ہوں گے کیونکہ انہیں 2016ء میں بھی اس ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا تھا تاہم اس وقت وہ ایوارڈ حاصل نہیں کرپائے تھے۔