کوہلی کو وزڈن کا لیڈنگ کرکٹر ایوارڈ

نئی دہلی۔5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) سنہرے دور سے گزر رہے ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کو ‘کرکٹ کی بائبل’ کہی جانے والی وزڈن میگزین نے اس ہفتے شائع ہونے جا رہے اپنے شمارے میں لیڈنگ کرکٹر کے طور پر منتخب کیا ہے ۔کامیابی کے گھوڑے پر سوار کوہلی اس وقت کامیابی کے نئے ریکارڈ بناتے جا رہے ہیں۔ ان کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم  نے نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش، انگلینڈ اور مضبوط آسٹریلیائی ٹیم کو شکست دی ہے ۔ بیٹنگ سے بہترین کردگی کا مظاہرہ کرنے والے ویراٹ نے ایک سال میں کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس دوران ان کا اوسط ٹسٹ میں 75 ، ونڈے میں92  اور ٹوئنٹی 20 میں106 کا رہا ہے ۔ویراٹ کی ایک کے بعد ایک زوردار اننگز میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے پر انہیں ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر کا جانشین بھی مانا جانا لگا ہے ۔ ویراٹ نے اپنی شاندار قیادت میں ٹیم کو نمبر ون ٹسٹ ٹیم کا درجہ دلایا ہے ۔ ویراٹ2003  سے شروع ہونے والے یہ باوقار ایوارڈ حاصل کرنے والے تیسرے ہندوستانی کرکٹر ہیں۔ سہواگ نے 2008، 2009  میں اور سچن نے 2010 میں یہ ایوارڈ حاصل تھا۔خواتین کے زمرے میں یہ ایوارڈ آسٹریلیا کی ایلیسے پیری کو دیا گیا ہے ۔