موہالی ، 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے کیپٹن اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ اُن کی ٹیم آئی سی سی ورلڈ T20 میں گزشتہ رات لازمی جیت
والے اپنے مقابلہ میں جیت کے موقف میں پہنچ گئی تھی کہ ویراٹ کوہلی کی ناقابل یقین اننگز میچ چھین لے گئی۔ یہاں آئی ایس بندرا اسٹیڈیم میں عملاً کوارٹر فائنل میں ہندوستان کے مقابل چھ وکٹ کی شکست کے بعد اسمتھ نے کہا: ’’یہ نہایت عمدہ اننگز ایسی وکٹ پر کھیلی گئی جس پر بیٹنگ کرنا مشکل تھا۔ میرا خیال تھا کہ ہم کافی اچھی پوزیشن میں پہنچ گئے جبکہ ہندوستان کو ایک مرحلے پر ہر گیند پر دو رنز بنانے تھے۔ اس طرح کے دباؤ میں ویراٹ کوہلی کی ناقابل یقین اننگز نے اُن کی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرا دیا۔ ایسا لگا کہ اُس موقع پر ویراٹ کوئی بھی شاٹ کھیلیں، گیند باؤنڈری تک جارہی تھی۔ یہ واقعی زبردست اننگز ہوئی۔ (اُن کو) سلام!‘‘ سچن تنڈولکر سے تقابل کی خواہش پر اسمتھ نے کہا کہ دونوں دو مختلف نوعیت کے کھلاڑی ہیں۔ ویراٹ کافی
ہنرمند ، بہت اچھے کھلاڑی ہیں۔ وہ طویل عرصہ سے کھیل رہے ہیں۔ ’’آپ دیکھیں کہ آج انھوں نے کس طرح (تجربہ سے) کھیلا۔ وہ ٹارگٹ کے تعاقب میں غیرمعمولی کامیاب ہوئے ہیں، جو مثالی ٹریک ریکارڈ ہے!