کوہلی کوجانسن کا باؤنسر لگتے ہی کھلاڑیوں میں بے چینی

اڈیلیڈ۔11ڈسمبر( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)آنجہانی آسٹریلیائی بیٹسمین فلپ ہیوز کی موت کا صدمہ آسٹریلیائی کھلاڑیوں کا ہنوز پیچھا کررہا ہے جیسا کہ آج اُس وقت اڈیلیڈ کے میدان پر ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جارہے ٹسٹ میں ڈرامائی صورتحال دیکھنے کو ملی جب میزبان فاسٹ بولر میچل جانسن کا باؤنسر ویراٹ کوہلی کو لگا تو میدان پر موجود تمام کھلاڑی دوڑتے ہوئے ان کے قریب پہنچ گئے ۔ یہ واقعہ آج ہندوستانی اننگز کے 31ویں اوور میں اُس وقت پیش آیا جب اوپنر مرلی وجئے (53)کے آؤٹ ہونے کے بعد ویراٹ کوہلی بیٹنگ کیلئے میدان پر پہنچے اور جانسن نے باؤنسر کے ذریعہ ان کا استقبال کیا ۔ باؤنسر سے بچنے کی کوشش کے باوجود گیند ویراٹ کوہلی کے ہیلمٹ پر لگی جس کے فوراً بعد انہوں نے اپنا ہیلمٹ نکالا۔ جیسے ہی گیند ویراٹ کوہلی کو لگی میدان پر موجود تمام کھلاڑی ان کی طرف تیزی سے آگے بڑھنے لگے جب کہ فاسٹ بولر جانسن کسی قدر پریشانی کے عالم میں دکھائی دیئے کیونکہ آسٹریلیا ئی کھلاڑیوں کے ذہنوں میںہیوز کی موت ہنوز تازہ ہے ۔مائیکل کلارک جو ہیوز کی موت سے لیکر آنجہانی کھلاڑی کی آخری رسومات تک کئی مرتبہ عوامی محفل میں اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے تھے وہ فوراً کوہلی کے قریب پہنچ گئے اور بیٹسمین کی خیریت دریافت کرنے لگے ۔کوہلی جب مکمل طور پر بیٹنگ کیلئے تیار ہوئے تو کلارک نے جانسن کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر انہیں حوصلہ دیا ۔ میدان پر موجود ایمپائروں نے فوری کوہلی کے قریب پہنچ کر بیٹسمین کی خیریت دریافت کی ۔