کوہلی کا نمبر ایک مقام خطرہ میں

دبئی۔12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کی آئی سی سی ٹسٹ درجہ بندی میں پہلا مقام خطرے میں ہے کیونکہ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن بڑی چھلانگ لگاتے ہوئے نہ صرف دوسرے مقام پر آگئے ہیں بلکہ پہلے مقام پر موجود کوہلی سے اپنا فاصلہ بھی بہت کم کرلیا ہے۔ پاکستان کے خلاف حالیہ ٹسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی پیش کرنے والے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹسٹ درجہ بندی میں 900 نشانات کا ہندسہ عبور کرلیا ہے، ولیمسن یہ سنگ میل عبور کرنے نے والے نیوزی لینڈ کے پہلے اور دنیا کے 32 ویں کھلاڑی ہیں۔کین ولیمسن کی قیادت میں نیوزی لینڈ نے 49 سال بعد پہلی مرتبہ پاکستان کو اْس کی ہوم سیریز میں شکست دی ہے۔ آئی سی سی ٹسٹ درجہ بندی میں قومی کپتان ویراٹ کوہلی 920 نشانات کے ساتھ سرفہرست ہیں جب کہ کین ولیمسن صرف 7نشانات کی دوری یعنی 913 نشانات کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔